Print this page

ملک بھر میں تیز ہواؤں کےساتھ بارشوں کا امکان

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)بارش برسانے والا انتہائی طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث اگلے تین روز تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں پچھلے کئی روز سے گرمی نے ڈیرے جمائے ہوئے تھےجس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار تھے تاہم اب گرمی سے مرجھائے چہروں کیلئے خوشخبری ہے کہ پاکستان میں بارش برسانے والا انتہائی طاقتور مغربی سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے باعث آج سے بدھ تک ملک کے مختلف علاقوں میں انتہائی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملکہ کوہسار مری اور گلیات میں آج سے بدھ کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ، طوفانی بارشوں کی وجہ سے مری کے مختلف علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، تاہم بارشوں کے بعد مری میں پانی کی قلت کا کافی حد تک خاتمہ ہو جائے گا۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اٹک میں تیز ہواوٴں کے بعد موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سےگردونواح کے ندی نالے پانی سے بھر گئے موسلا دھار بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
کامرہ کینٹ میں بھی تیز آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچاہے، جبکہ آندھی سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اور سیاح سائن بورڈز وغیرہ کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں۔
خیبرپختونخوا،فاٹا،اسلام آباد،بالائی پنجاب میں آج سےمنگل تک کہیں کہیں بارش کاامکان ہے ۔ بالائی سندھ میں آج اور کل چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان جب کہ شمال مشرقی بلوچستان، وسطی، جنوبی پنجاب میں چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں