جمعرات, 25 اپریل 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46


پاکستان جلد پولیو سے آزاد ملک بن جائےگا ،وزیر اعظم نواز شریف

ایمز ٹی وی (نیشنل ڈیسک) وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعے کو پولیو کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر ملک سے اس مرض کے جلد خاتمے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مقصد کے لیے ملک میں پولیو ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں جمعے کو انسدادِ پولیو کےعالمی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے جامع آگاہی حکمتِ عملی مرتب کرلی گئی ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جلد ہی پاکستان پولیو سے آزاد ملک بن جائےگا۔ نواز شریف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلیے حکومتی کوششوں کے حصہ بنیں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں ، پولیو کے قطرے پینا ہر بچے کا حق اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے ضروری ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان دنیا میں پولیو سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور رواں برس یہاں پولیو کے 200 سے زیادہ نئے مریض سامنے آ چکے ہیں جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ پاکستان میں پولیو کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ والدین کی جانب سے قطرے پلوانے سے انکار اور پولیو کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے عملے پر بڑھتے ہوئے حملوں کو قرار دیا جاتا ہے۔ دسمبر 2012 سے اب تک پولیو مہم میں شریک ہیلتھ ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں 60 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment