Print this page

صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کا نام تحریک انصاف نے دیا

 

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کا نام تحریک انصاف نے دیا اور اب پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مل کر صدارتی امیدوار لانے کے لیے کہا تھا،پی ٹی آئی کے فواد چوہدری میرے پاس آئے اور کہا کہ مشترکہ صدارتی امیدوار لاتے ہیں، اس موقع پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف بھی موجود تھے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ جب انہوں نے فواد چوہدری سے صدارتی امیدوار کا نام مانگا تو انہوں نے اعتزاز احسن کا نام تجویز کیا جس پر میں نے ہامی بھر لی تاہم اعتزاز احسن کا نام خود پیش کرنے کے بعد اب پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا اور عارف علوی کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔
دوسری جانب فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ خورشید شاہ کے بیان پر حیران ہیں، تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کی صدارتی انتخاب میں کامیابی واضح ہے جب کہ اعتزاز احسن سے درخواست ہے کہ وہ صدارتی انتخابات کی دوڑ سے اپنا نام واپس لے لیں۔
واضح رہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے اعتزاز احسن، مولانا فضل الرحمان اور عارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اورچاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی، صدرمملکت ممنون حسین کی مدت صدارت 8 ستمبر کو پوری ہورہی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں