Print this page

صدر ممنون حسین سدھار گئے

 

اسلام آباد: صدر ممنون حسین کو آج ایوان صدر سے رخصتی کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا،جبکہ نو منتخب صدر عارف علوی کل عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔
صدر ممنون حسین کے عہدکے کی معیاد آج پوری ہوگئی ہے،انہوں نے ایوان صدر کے اسٹاف سے الوداعی ملاقاتیں کیں اوراپنی معیاد پوری ہونے پر اظہار اطمینان کیا ۔
الوداعی ملاقاتوں کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہو ئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ آج وہ بارگاہِ الہٰی میں شکر گزاری کے جذبے کے ساتھ اس ایوان سے رخصت ہو رہے ہیں، اللہ تعالیٰ اور اس ملک کے عوام نے جو ذمہ داری ان کے سپرد کی تھی، اس کی ادائیگی میں انہوں نے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔
سب سے بڑی بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات اور آئینی حدود کا ادراک کیا اور ان پر سختی سے کاربند رہے، اس معاملے میں وہ پورے اطمینانِ قلب اور نہایت عاجزی کے ساتھ یہ دعویٰ کر سکتے ہیںکہ وہ اللہ اور اپنے ضمیر کے سامنے سرخرو رہے ہیں،ایوان صدر سے مختلف قسم کی توقعات کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایوان صدر میں جب بھی کوئی نیا باسی آتا ہے، اس سے مختلف قسم کی توقعات وابستہ کر لی جاتی ہیں،وہ سمجھتے ہیں کہ اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ فرائض منصبی کی ادائیگی کے سلسلہ میں ایوانِ صدر کے ہر سطح کے ذمہ داروں نے نہایت ایمانداری،پیشہ ورانہ مہارت، اخلاص اور محبت کے ساتھ ان کا ہاتھ بٹایا جس کے لیے وہ تمام ساتھیوں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
صدر ممنون حسین آج گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر سے رخصت ہو جائیں گے جبکہ نو منتخب صدر عارف علوی کل 13ویں صدر کی حیثیت سے عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔
ممنون حسین 2013کے عام انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ ن کی حکومت بننے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار نامزد ہوئے تھے وہ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے صدر بنے تھے ،وہ 1999میں گورنر سندھ بھی رہے ۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں