Print this page

انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا

 

اسلام آباد:انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی وی عمارت اورپارلیمنٹ حملہ کیسز میں وزیراعظم عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 2014 کے دھرنوں کے دوران پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابراعوان نے اپنے موکل کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائرکی۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ایک سے زیادہ ہوں تو شریک ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ مل سکتا ہے۔ وکیل استغاثہ نے بھی بابراعوان کی درخواست پراعتراض نہیں کیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔ عمران خان کی طرف سے بابراعوان نے پیشی کے لیے بیان حلفی جمع کروادیا۔ جس میں کہا گیا کہ اپنے موکل کی جگہ وہ خود پیش ہوں گے۔ کیس کی سماعت کے دوران کسی مرحلے پرضرورت پڑی توعمران خان پیش ہوجائیں گے۔

دوسری جانب کیس میں نامزد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، جہانگیرترین، اعجاز چوہدری، شفقت محمود، علیم خان اور سیف اللہ نیازی کو بھی حاضری سے استثنیٰ مل گیا ہے۔ مقدمات کی مزید سماعت اب یکم اکتوبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے اس وقت کی حکومت کے خلاف دھرنے دیئے تھے۔ اس دوران مشتعل ہجوم نے پی ٹی وی اورپارلیمنٹ پر دھاوا بولا تھا۔ ان مقدمات میں صدرمملکت عارف علوی بھی نامزد ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں