جمعرات, 10 اکتوبر 2024


افغان شہریوں کے اعداد و شمار وفاقی حکومت کو موصول ہوگئے

 

اسلام آباد: ملک بھر میں قیام پذیر افغان شہریوں کے اعداد و شمار وفاقی حکومت کو موصول ہوگئے، پاکستان میں لگ بھگ 14 لاکھ افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں۔
پاکستان میں پناہ گزین افغان مہاجرین سے متعلق موصول شدہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی تعداد9لاکھ45ہزار131 ہے، جبکہ کیمپوں سے باہر 9لاکھ41ہزار 854 رہائش پذیر ہیں۔
وفاقی حکومت کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر پاکستان میں اس وقت کل 13 لاکھ 86 ہزار 985 افغان باشندے قیام پذیر ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ افغان شہری خیبرپختونخواہ میں آباد ہیں جن کی تعدادا7لاکھ97ہزار838 نفوس بتائی گئی ہے ۔ ان میں سے 4 لاکھ 16 ہزار 472 افغان شہری اپنے کیمپوں سےباہرہیں۔ دوسری جانب فاٹا میں ایک بھی مہاجر کیمپ نہیں ہے اور وہاں 13 ہزار 772 افغان شہری رہائش پذیر ہیں۔
دوسرے نمبر پر افغان شہریوں کی اکثریت بلوچستان میں ہے جہاں3لاکھ16ہزار101افغان رہتےہیں، جن میں سے 2لاکھ67ہزار616افغان اپنےکیمپوں سےباہرہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں ایک لاکھ59ہزار202افغان مقیم ہیں جبکہ یہاں کوئی مہاجر کیمپ نہیں ہے۔سندھ میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی تعداد 63ہزار151 اوراسلام آباد میں33ہزار40 بتائی گئی ہے ۔ دوسری جانب آزادکشمیرمیں3ہزار876 افغان شہری آباد ہیں جبکہ شمالی علاقہ جات میں محض 5افغان باشندے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں آباد افغان اور بنگالی شہریوں کو پاکستان کی شہریت دینے کا اعلا ن کیا تھا ، بعد ازاں پارلیمنٹ میں ہونے والی گفتگو میں اسے مشکل اور طویل المدتی فیصلہ قرار دیا گیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment