Print this page

شہریوں کے حقوق کا تحفظ اورسہل انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اورسہل انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت لیگل ریفارمز کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے وزیراعظم کو قانونی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، وزیر قانون نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا نفاذ ہے، جلد انصاف کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی سلوشنز کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ نادار اور کمزور طبقوں کو ریاست قانونی معاونت فراہم کرے گی، خواتین کے وراثت سمیت حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی قوانین متعارف کرا رہے ہیں، 9 سال سے التواء کا شکار میوچل لیگل اسسٹنٹس بل متعارف کرایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور سہل انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، انصاف کی فراہمی کا عمل وسائل پر نہیں، ریاست کے احساس ذمہ داری اور رحم سے وابستہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آسان، سہل اور جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے، کمزور طبقوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کریں گے جب کہ خواتین، بچوں اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے لیے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں