Print this page

وفاقی وزیراعظم سواتی نےاستعفیٰ دےدیا

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ میں نے استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے، وزیراعظم کو ملاقات میں بتایا کہ ان حالات میں کام نہیں کرسکتا، اخلاقی برتری کے لیے استعفیٰ دیا ہے اور وزیراعظم نے بات مان کر استعفیٰ قبول کرلیا ہے جب کہ اب کسی قلمدان کے بغیر اپنا کیس لڑوں گا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی کا تنازعہ اپنے فارم ہاوٴس کے قریب خیمہ بستی میں مقیم چند افراد سے چل رہا تھا، اعظم خان سواتی کے گارڈز اور ان کے درمیان جھگڑا بھی ہواتھا۔ وفاقی وزیر کا خیمہ بستی میں مقیم افراد کے خلاف کارروائی کے لئے آئی جی اسلام آباد پر شدید دباوٴ تھا، جس کی وجہ سے جان محمد نے اعظم سواتی کا فون اٹینڈ کرنا ہی چھوڑ دیا تھا۔
چند روز قبل فون اٹینڈ نہ کرنے پر اعظم خان سواتی نے وزیر اعظم عمران خان کو سابق آئی جی اسلام آباد جان محمد کے رویے کے خلاف شکایت کی اور نتیجتاً آئی جی اسلام آباد کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کے زبانی حکم پر آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ روکتے ہوئے واقعہ کا نوٹس لیا تھا اور تحقیقات کے لیے جی آئی ٹی تشکیل دی تھی جس نے اپنی رپورٹ میں اعظم سواتی کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں