Print this page

وزراء کی 100 روزہ کارکردگی کا جائزہ

اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا جس میں تمام وفاقی وزراء سمیت وفاقی سیکریٹریز نے شریک کی۔ اجلاس میں وزارتوں اورڈویژن کوکارکردگی بیان کرنے کا موقع دیا گیا اور وزیراعظم نے فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق ہر وزارت اور ڈویژن کو بریفنگ کے لیے 10 منٹ دیے گئے، بریفنگ کے بعد وزرا سے 5 منٹ سوالات وجوابات بھی ہوئے۔ وفاقی وزرا اپنے ہمراہ 100 روزہ کارکردگی کی رپورٹس لائے تھے۔ اجلاس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل ہو سکتے ہیں تاہم ایسا کوئی فیصلہ نہ ہوا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے کابینہ کے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو سروس ڈیلیوری اور کفایت شعاری سے متعلق کیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جب کہ وزارتوں اور ڈویژنز نے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ہر تین ماہ کے بعد کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، کارکردگی کا جائزہ لینے کا مقصد حکومت کی سمت کو درست رکھنا ہے جب کہ وزیراعظم نے وزارتوں اور ڈویژنوں سے 5 سالہ منصوبے بھی مانگے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں