Print this page

سابق صدرسمیت 172 افرادکانام ای سی ایل میں ڈالنےکافیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں آصف زرداری سمیت جعلی اکاؤنٹس میں ملوث دیگر ملزمان بھی شامل ہیں، یہ پرانا پاکستان نہیں جہاں دونوں بڑے سودے بازی کرلیں اور ہنسی خوشی زندگی گزاریں، ملک میں احتساب کا عمل بلاخوف و خطر جاری رہے گا، کرپٹ لوگ اوپر سے ہنس رہے ہیں لیکن درحقیقت اندر سے رو رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں امن کی صورتحال اچانک خراب ہوئی اور علی رضا عابدی کے قتل سمیت کئی واقعات ہوئے، شہر میں کچھ گینگز دوبارہ فعال ہوگئے ہیں اور باہر بیٹھے کچھ لوگ امن خراب کررہے ہیں، پاکستان میں دہشتگردی اور بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی جانب سے کراچی میں امن خراب کرنے کا معاملہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ سے اٹھایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہوں نے برطانیہ میں بیٹھ کر کراچی میں لوگوں کے قتل کے احکامات جاری کیے، لیکن برطانوی حکام نے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جس پر وفاقی کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تشدد پر اکسانے کا معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا، کراچی میں جنوبی افریقہ کے گینگز بھی متحرک ہیں، دفتر خارجہ کو دونوں ممالک کو توجہ دلانے کی ہدایت کی ہے کہ ان کی سرزمین پاکستان میں دہشتردگی کے لیے استعمال کی جارہی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں