Print this page

وفاقی کابینہ کااجلاس،حج 2019پالیسی منظورکئےجانےکاامکان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2019 کی منظوری کا امکان ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں مستقبل کے ورک پلان سے متعلق سمری پیش کی جائے گی اور سول سروس ریفارمز اورری اسٹرکچرنگ سے متعلق سمری پیش کی جائے گی جب کہ کابینہ کی جانب سے حج پالیسی 2019 کی منظوری دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں حج پالیسی 2019 پیش کی گئی اور حج اخراجات اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سال وفاقی حکومت نے فی حاجی 45 ہزار سبسڈی دینے کافیصلہ کیا ہے، حج کے اخراجات کو دو زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، شمالی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے اور جنوبی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 27 ہزار 975 روپے ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران بریفنگ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال 80 سال یا زائد عمر کے افراد کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھجوایا جائے گا اور مسلسل 3 سال ناکام رہنے والوں کو بھی اس سال بغیر قرعہ اندازی حج پر بھجوایا جائے گا جب کہ سرکاری کوٹا 60 اور نجی ٹورز آپریٹرز کا کوٹا 40 فی صد ہوگا، حج درخواستیں 20 فروری سے وصول کی جائیں گی اور اس سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں