Print this page

" یوم پاکستان" پر مہمانوں کی آمد

اسلام آباد: ملیشیا کےوزیراعظم مہاتیرمحمدکل سےپاکستان کادورہ کریں گے، وہ یوم ِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، عمران خان نے اپنے دورہ ملیشیا میں انہیں پاکستان آنے کی خصوصی دعوت دی تھی۔

ڈاکٹر مہاتیر محمد یہاں ایک مصروف شیڈول گزاریں گے۔ ان کی آمد کا بنیادی مقصد یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا ہے۔

اس کے علاوہ وہ وزیراعظم سمیت اہم ملکی شخصیات سے بالمشافہ ملاقات کریں گے اور ان ملاقاتوں میں اہم علاقائی اور تجارتی امور موضوع ِ گفتگو رہیں گے۔

اس کے علاوہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف معاہدے تشکیل پائے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایڈوٹکوگروپ نے پاکستان میں250ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گروپ پہلے سے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے، اگلے 5سال میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی۔

اس کے علاوہ فروری میں ہی پاک بحریہ اور ملیشیا رائل نیوی نے بحیرۂ عرب میں مشق ’مال پاک ٹو‘ کے نام سے مشترکہ مشق میں حصہ لیا، یہ ملیشیا اور پاکستان کی مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی۔

یہ مشقیں بحیرۂ عرب میں منعقد کی گئی تھیں۔ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ دو طرفہ بحری مشق ’مال پاک‘ ہاربراور سی فیز پر مشتمل تھی۔

یاد رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملیشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے ہیں۔

اس حوالےسے ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 23 مارچ یوم پاکستان بھرپوراندازمیں منایاجائےگا اور ملائیشین وزیراعظم مہاتیرمحمد یوم پاکستان پریڈمیں مہمانان خصوصی ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیردفاع کرنل جنرل ذاکرحسن اوف بھی یوم پاکستان کی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ بحرین فوج کے کمانڈر جنرل شیر محمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں