Print this page

پارک لین کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری عدالت طلب

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پارک لین کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
 
جیو نیوز کے مطابق احتساب عدالت نے آصف زرداری کے خلاف پارک لین کیس 19 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے جس میں سابق صدر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
 
کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کریں گے جس کے لیے دیگر 16 ملزمان کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
 
واضح رہےکہ نیب نے آصف زرداری کےخلاف پارک لین کا کیس گزشتہ ہفتے احتساب عدالت میں دائر کیا اس میں سابق صدر پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے جب کہ اس کیس میں پہلے بلاول بھٹو زردای بھی نامزد تھے تاہم نیب کو ان کے خلاف ثبوت نہیں مل سکے تھے۔
 
نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں