منگل, 16 اپریل 2024


پاکستان بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو آج قونصلررسائی دےگا

  اسلام آباد:عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت پاکستان بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو آج قونصلر رسائی دے  گا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کو قانونی طور پر قونصلر رسائی دینے کا پابند ہے اس لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں کلبھوشن یادیو کو پیر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اقدامات سے خطے کا امن برباد کر رہا ہے اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، افواج پاکستان بھارت کو ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کو تیارہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش یہی ہے کہ جلد از جلد کشمیر سے کرفیو اُٹھوایا جائے، او آئی سی نے بھی کشیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ 27 ستمبر کو پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو یو این او میں اٹھایا جائے گا۔

علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارخہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کوعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں قونصلر رسائی دی جا رہی ہے، کمانڈر کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی میں ملوث ہونے پر حراست میں ہے۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی تاہم کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی   فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment