Print this page

مسئلہ کشمیر جغرافیائی نہیں بلکہ کشمیریوں سے ہماری محبت کا معاملہ ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر محض جغرافیائی مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کی روح کا لازم و ملزوم حصہ ہے۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے آزاد کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا اور یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران نے ملاقات کی۔
 
اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جغرافیائی نہیں بلکہ کشمیریوں سے ہماری محبت کا معاملہ ہے، کشمیر پاکستان کی روح کا لازم و ملزوم حصہ ہے، ہم اپنےکشمیری بہن بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں، انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدستور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
 
جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا کہ نوجوان مستقبل کی قومی قیادت بننےکے لیےسخت محنت کریں، آپ کو ملنے والی کامیابی درحقیقت پاکستان کی کامیابی ہے۔
 
اس موقع پر طلبا نے عزم کیا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیری پاکستان کے ساتھ رہیں گے اور پاکستان کی ترقی کے لیے محبت کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں