بدھ, 24 اپریل 2024


پاکستان منموہن سنگھ کو کرتارپور کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرئے گا

اسلام آباد: پاکستانی حکومت نے بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کو کرتارپور کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو کرتار پور کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا جائے گا، کرتار پور راہداری اہم منصوبہ ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی ہے، لہذا میں بطور وزیر خارجہ منموہن سنگھ کو دعوت دیتا ہوں، جبکہ جلد انہیں تحریری رسمی دعوت نامہ بھیج دیا جائے گا۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرتار پور صاحب کھولنے کا فنکشن بہت بڑا ہوگا جس کی بھرپورتیاریاں کی جارہی ہیں، سکھ یاتری آئیں اور باباگورونانک کی 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں شریک ہوں۔ پاکستان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
کرتارپور راہداری بھارت اور پاکستان کے درمیان زیر تعمیر سرحدی راہداری ہے جو بھارت میں واقع ڈیرہ بابا نانک صاحب کو پاکستان میں نارووال کے علاقے کرتارپور میں گردوارہ دربار صاحب کی عبادت گاہ سے منسلک کریگی۔ اس راہداری کا مقصد سکھ یاتریوں کے لیے گردوارہ دربار صاحب کی زیارت میں آسانی پیدا کرنا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment