Print this page

نیب کا لیاقت قائم خانی کو ایک اور کیس میں گرفتار کرنے کا فیصلہ

 
 
 
 
 
اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا، لیاقت قائمخانی باغ ابن قاسم کیس میں پہلے ہی جیل میں ہیں۔
 
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو ایک اور کیس میں گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ، لیاقت قائم خانی کو آمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں بھی گرفتار کیا جائے گا۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت قائم خانی کے خلاف نیب کے ہاتھ مزید اہم ثبوت لگ گئے، ان کے ذرائع آمدن، قیمتی گاڑیوں، درجنوں پلاٹس، متعلق ٹھوس شواہد موجود ہیں جبکہ بنگلے، بے نامی جائیدادیں، قیمتی تحائف سے متعلق بھی نیب نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
 
نیب ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی کےدوبارہ وارنٹ کی درخواست چیئرمین نیب کو بھیج دی گئی ہے، لیاقت قائم خانی باغ ابن قاسم کیس میں پہلےہی حراست میں ہے ، ملزم کے خلاف آن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی منظوری لی جائے گی۔
 
گذشتہ روز احتساب عدالت نے نیب کی سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
 
مزید پڑھیں : لیاقت قائم خانی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
واضح رہے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو نیب راولپنڈی نے کراچی سے گرفتار کیا تھا، ملزم پر کراچی میں باغ ابن قاسم کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کروڑوں کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
 
ملزم کے گھر اورتجوریوں سےزیورات،زمینوں کےکاغذات اور قیمتی سامان برآمدہوا جبکہ نیب ملزم کی پُرتعیش گاڑیاں اور قیمتی اسلحہ بھی تحویل میں لے چکا ہے جبکہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا تخمیہ دس ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔
 
خیال رہے لیاقت قائم خانہ بلدیہ عظمٰی کراچی کے طاقت ور ترین افسر سمجھے جاتے تھے، سیاسی اثرو رسوخ کے باعث وہ اٹھارہ سال سے تحقیقاتی اداروں سے بچتے رہے۔
 
لیاقت قائم خانی کے خلاف نیب تحقیقات شروع ہوئیں، پھربند کر دی گئی، 2013 میں بھی اینٹی کرپشن نے شہید بے نظیرپارک میں کرپشن کی تحقیقات کی، اینٹی کرپشن نے بھی لیاقت قائم خانی کے خلاف تحقیقات روک دی گئی تھی

پرنٹ یا ایمیل کریں