Print this page

ملک بھرکےدینی مدارس کوجدید ٹیکنالوجی سےآراستہ کرنےکافیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھرکے 500 مدارس میں جدید لیبارٹریاں بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے امور نوجوانان پروگرام نے ملک بھر کے دینی مدارس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے 500 مدارس میں جدید لیبارٹریز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ جدید لیباریٹریز کے قیام کی منصوبہ بندی انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی طلب اور بہتر و معیاری تعلیم میں اس ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے پیش نظر کی گئی ۔
 
اس حوالے سے مذکورہ پروگرام کے حکام نے بتایا کہ بیشتر مدارس کو رسمی تعلیمی پروگرامز کی جانب لے جایا گیا تاکہ مذہبی علوم کے ساتھ ساتھ ان طلبہ کو بنیادی رسمی علوم سے بھی آراستہ کیا جا سکے۔
 
اس ضمن میں طلبا کو تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ مختلف سافٹ ویئرز اور ایپلی کیشنز کو سمجھ کر ان کو استعمال کر سکیں اور بروئے کار لا سکیں۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل ہی نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرامز متعارف کروانے اور نوجوانوں کو قابل بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا جس کے لیے وفاقی حکومت نے ''کامیاب جوان پروگرام '' بھی متعارف کروایا ۔
 
گذشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ''کامیاب جوان پروگرام'' کا افتتاح کیا تھا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس پروگرام میں سب سے اہم چیز میرٹ ہے اور اسی پر ہی اس کی بنیاد رکھی گئی ہے کیونکہ دنیا میں وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جن میں میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے۔انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ''کامیاب نوجوان پروگرام'' کے تحت 10 لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر قرض دیں گے اور 100 ارب روپے کے قرضوں میں سے 25 ارب خواتین کے لیے ہوں گے اور ایک لاکھ روپے کے قرض پر کوئی سود نہیں ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں