Print this page

آزادی مارچ سےقبل جے یو آئی کے مرکزی رہنماکی گرفتاری

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کو ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا جب آزادی مارچ کا آغاز ہونے جارہا تھا، مفتی کفایت اللہ کو مانسہرہ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتار کیا۔

دوسری جانب  جے یو آئی (ف) کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اسلم غوری نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مفتی کفایت اللہ کو گزشتہ رات اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون سے گرفتار کیا گیا۔

کے پی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مفتی کفایت اللہ کو 3 ایم پی او کے تحت تحت گرفتار کیا گیا، ان پر عوام کو اشتعال انگیزی پر اکسانے کا الزام تھا جس سے امن امان خراب ہونے کا امکان تھا، ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں پرامن احتجاج کی اجازت دے سکتے ہیں مگر قانون توڑنے کی اجازت کسی کو نہیں، مفتی کفایت اللہ کو مانسہرہ پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا اور بعد ازاں انہیں ہری پور جیل منتقل کیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف اشتعال انگیزتقریر کرنے کا مقدمہ درج ہے اور انہیں رات 4 بجے اسلام آباد سے گرفتار کرکے مانسہرہ شفٹ کردیا گیا۔

واضح رہے گزشتہ روز نادرا نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک اور رہنما حافظ حمداللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کرتے ہوئے انہیں ٹی وی پروگرامز میں شرکت کرنے سے روک دیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں