Print this page

ضرب عضب کی کامیابی کاایک سال مکمل ہونےپر وزیراعظم کی مبارکباد

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے پوری قوم اور افواج پاکستان کو ضرب عضب آپریشن کا کامیاب ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ضرب عضب دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔ قوم فوج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جن کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ اس پرخطر محاذ پر لڑنے والے اپنے آج کو قوم کے مستقبل پر قربان کررہے ہیں۔ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے جن مائوں نے بیٹوں اور جن بہنوں نے بھائیوں کی قربانی دی، قوم کو ان پر فخر ہے۔ جن بیویوں نے اپنے شوہروں کی اس جنگ میں قربانی دی، قوم ان کے حوصلے کی داد دیتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کامیاب ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کررہا ہے۔ آج کے دن پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں سے ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ دریں اثنا وزیر دفاع خواجہ آصف نے آپریشن ضرب عضب کے ایک سال کو فتح کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب میں اہم اہداف حاصل کئے۔ ایک سال میں دہشت گردوں کے اہم بڑے نیٹ ورک ختم ہو گئے اب دہشت گرد فوج کے خوف سے چھپنے کے لئے جگہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کا ایک برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ عوام انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ جوانوں نے قوم کے بہتر مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب سے پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے اور آج ضرب عضب کی بدولت ہی پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور کرکٹ کی بحالی ہوئی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قوم پاک فوج کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ شہداء کے گھرانوں کی ملک کے لئے دی گئی قربانیاں کبھی بھلائی نہیں جا سکتیں۔ ضرب عضب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ بہت جلد پاکستان پرامن ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔ قوم مسلح افواج کے شہیدوں کی احسان مند اور شکر گزار ہے، شہدا کے اہل خانہ نے غیر معمولی قربانیوں کی مثال پیش کی ہے۔ اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے آپریشن ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا ایک سال قربانیوں کی لازوال مثال ہے۔ پرامن اور محفوظ بننے پر پاکستان ہمیشہ اپنے بیٹوں پر فخر کرتا رہے گا۔ ترقی اور خوشحالی کیلئے دہشت گردی ختم کرنے پر ہر پاکستانی اپنے جوانوں کا احسان مند ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں