بدھ, 09 اکتوبر 2024


ملک میں ٹیسٹ کٹس اور مشینوں کی کمی نہیں، این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کٹس فوج کے ذریعے تقسیم ہوںگی تاکہ بازاروں میں فروخت نہ ہوسکیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے چین سے منگوایا گیا سامان اسلام آباد پہنچ گیا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی خریداری میں صوبوں نے کوئی فنڈ نہیں دیے، اب تک جتنا بھی سامان آیا ہے یا خریدا گیا وہ سب وفاقی حکومت کے فنڈ سے آیا ہے اور صوبوں سے کوئی خریداری نہیں ہوئی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ملک میں کورونا کے ٹیسٹس کم ہونے کا تاثر غلط ہے، ملک میں ٹیسٹ کٹس اور مشینوں کی کمی نہیں، روزانہ 30 سے  40 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت تک موجود ہے، آرمی چیف نے فوج کی 11 لیبارٹریز بھی استعمال کے لئےدی ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ چین سےآنے والاسامان تمام صوبوں کوفراہم کریں گے، پنجاب کے اسپتالوں کے لیے حفاظتی سامان کل تک پہنچ جائے گا، جبکہ خیبر پختونخوا کے چھوٹے بڑے اسپتالوں میں سامان پہنچ چکا ہے، سندھ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا سامان فوجی اداروں کے ذریعے اسپتالوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ جو خلا موجود تھا اور سامان نرسز ڈاکٹرز تک نہیں پہنچ رہا تھا، وہ ان تک پہنچ سکے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے مزید کہا کہ اب جو بھی سامان جاری ہوگا اس پراین ڈی ایم اےکی مہرلگی ہوگی،اس کا مقصدسامان کو بازار سمیت دیگرمقامات پر فروخت ہونے سے بچانا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment