Print this page

کیڈٹ کالج اسپن کئی میں نیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا انعقاد

جنوبی وزیرستان: کیڈٹ کالج اسپن کئی میں نیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیرستان کی ٹیم ’’وزیرستان ازمرئی‘‘ ایونٹ کی فاتح قرار پائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج اسپن کئی میں نیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے تحت ہونے والے اس ایونٹ میں 8 ٹیموں نے شرکت کی جب کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے ٹیموں نے حصہ لیا۔

پاکستان بھر سے 200 ایتھلیٹس ایونٹ میں شرکت کے لیے جنوبی وزیرستان پہنچے جہاں ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ جنوبی وزیرستان میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور پہلا تائیکوانڈو ایونٹ تھا جس میں وزیرستان کی ٹیم ’’وزیرستان ازمرئی‘‘ ایونٹ کی فاتح قرار پائی۔ جب کہ خیبر پختونخواہ کی ٹیم رنرز اپ رہی۔

واضح رہے کہ ایف سی کے پی (جنوبی) نے اس ایونٹ کا انعقاد کیا تھا۔ ایونٹ کا مقصد مقامی نوجوانوں کو قومی سطح پر مواقع فراہم کرنا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں