Print this page

ملک ریاض نے3کرنلوں کے خلاف درخواست دائر کردی

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے 3 افراد پر بلیک میلنگ کے ذریعے کروڑوں روپے لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر مقدمے کی درخواست دے دی ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں ملک ریاض کے پرسنل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ خلیل الرحمان کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس موقع پر ملک ریاض خود بھی متعلقہ تھانے پہنچے۔ درخواست میں خلیل الرحمان نے ملک ریاض کی طرف سے موقف اختیار کیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ طارق کمال، ڈاکٹر شفیق اور کرنل ریٹائرڈ خالد رشید نامی افراد کی جانب سے بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کو بلیک میل کرکے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مذکورہ افراد مختلف حربوں سے انہیں بلیک میل کرکے پیسے بٹور رہے ہیں اور اس مد میں ان سے 5 کروڑ روپے ہتھیا چکے ہیں اور مزید رقم کا مطالبہ کررہے ہیں، بلیک میلرز سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کا نام استعمال کرکے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بحریہ ٹاؤن کے تمام دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، جس کی وجہ سے طارق کمال کی جانب سے رقم کی وصولی کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے، 15 روز قبل طارق کمال نے دوبارہ دھمکی دی تھی کہ اگر اسے مزید 5 کروڑ روپے ادا نہ کیے گئے تو وہ مختلف اداروں میں درخواستیں دے کر بحریہ ٹاؤن اور اس کے چیئرمین کی کاروباری ساکھ کو تباہ کردے گا اور مختلف مقدمات درج کروا کر اسے جیل بھجوا دے گا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ درخواست میں دستاویزی ثبوت بھی لگائے گئے ہیں، ملک ریاض ایک قانون پسند شہری ہیں، اس لئے انہوں نے قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے، بھتہ اور کرپشن کی نشاندہی کی ہر طرف سے آوازیں آرہی ہیں، یہ درخواست پاکستان کی تاریخ میں ٹیسٹ کیس ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں