Print this page

ہائیرایجوکیشن ڈیویلپمنٹ اِن پاکستان منصوبےکےتحت تربیتی پروگرام کاانعقاد

اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ہائیر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ اِن پاکستان منصوبے کے تحت بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے منتظمین (مینجرز)کے لئے ایک ہفتے پر محیط تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔

اسٹارٹ اپس کو معاونت فراہم کرنے والے ادارے انویسٹ ٹو انوویٹ (Invest2Innovate) کے تعاون سے متعقد کردہ تربیتی پروگرام کا انعقادکیاجس میں اسلام آباد، راوالپنڈی، پشاور اور آزاد جموں و کشمیرمیں موجود اعلٰی تعلیمی اداروں کے 17بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے منتظمین نے شرکت کی۔

ایچ ای سی اس سے قبل بھی بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے منتظمین اور اسٹاف کے لیے متعدد تربیتی پروگراموں کا انعقاد کر چکا ہے۔ تاہم اس تربیتی پروگرام میں شرکاء کواسٹارٹ اپس سے متعلق انکیوبیشن اور انکیوبیشن سے روایتی گریجوایشن سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی گئی۔اس پروگرام میں ایک کامیاب انکیوبیشن پروگرام جس میں تحقیق، مصنوعات کی پروٹوٹیپنگ(Rapid Product Prototyping)، اسٹارٹ اپس کی روڈ میپنگ(Road Mapping) کا سفر، بزنس کی بڑھوتری، بزنس سے وسائل پیداکرنے کا عمل، مالی بیانیہ ترتیب دینا، اورسرمایہ کاری کے لیے تیاری وغیرہ شامل ہیں کے عملی نفاذ کی تفاصیل کا مکمل احاطہ کیا گیا۔

تربیتی پروگرام میں شرکاء کو انوویٹر سیڈ فنڈ (Innovator Seed Fund) کے گرانٹس کے درست استعمال میں ان کے اہم کردار کے حوالے سے بتایا گیا۔ انوویٹر سیڈ فنڈ قومی سطح پر سیڈ فنڈنگ کا ایک بے مثال پروگرام ہے جس کا نفاذ ایچ ای سی بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے تعاون سے کررہا ہے۔ گرانٹ جیتنے والے افراد کو برنس انکیوبیشن سنٹرز کی طرف سے تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ سیڈ فنڈنگ کے طور پر 35,000ڈالرز کی گرانٹ مہیا کی جائے گی۔ اپنے خطاب میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے انوویشن سیڈ فند کے بارے میں کہا کہ ایچ ای سی کے مشن سے ہم آہنگ فنڈکی یہ گرانٹس ایچ ای سی ڈی پی منصوبے کے کلیدی عناصر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای ڈی پی منصوبہ ملک میں انٹرپرینیورشپ اور جدت طرازی کی ثقافت کو فروغ دینے کے عمل میں مؤثرطور پر معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدت طرازی کی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی، سماجی، ماحولیاتی، حتی کی عالمی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسرچ اینڈانوویشن (ایچ ای سی) حضرت بلال نے اپنے اختتامی خطاب میں تربیت کاروں، بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے ڈائریکٹرز اور ایچ ای سی ٹیم کو سراہا اور شرکاء سے تربیتی پروگرام کی افادیت پر آراء طلب کیں تاکہ مستقبل کے تربیتی پروگراموں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

قبل ازیں اپنے ابتدائی کلمات میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ (ایچ ای سی) نوشابہ اویس کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی بزنس انکیوبیشن سنٹرز کو مکمل معاونت فراہم کرنے کا عزم رکھتاہے تاکہ بزنس انکیوبیشن سنٹرشعبہ تعلیم میں انٹر پرینیورشپ اور جدت طرازی کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں َ۔شرکاء نے تربیتی پروگراموں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ایچ ای سی ٹیم کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ انوویشن سیڈ فنڈ حاصل کرنے والے افراد درپیش چیلنجز کو حل کرنے اور مستقبل کی انٹرپرینیورز کے سفر کو آسان بنانے کے لیے انہیں بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں