Print this page

آرٹیکل 204 کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ چلایا جائے!!!

ایمزٹی وی(اسلام آباد) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70ویں اجلاس میں انگریزی میں تقریر کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق درخواست میاں زاہد غنی کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے انگریزی میں تقریر کر کے سپریم کورٹ کے 8 ستمبر کے فیصلے کی خلاف ورزی کی، جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اردو زبان کو بطور سرکاری زبان رائج کریں۔ درخواست گزار کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف انگریزی میں تقریر کے جرم کے مرتکب ہوئے لہٰذا ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204 اور توہین عدالت کے آرڈیننس 2003 کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چونکہ وزیر اعظم نواز شریف عدالت عظمیٰ کے 8 ستمبر کے فیصلے سے آگاہ تھے، اس لیے آرٹیکل 62 اور 63 (ون جی) کے تحت انہیں بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔واضح رہے اقوام متحدہ کے اجلاس میں روسی صدر ولادمیر پوتن، چینی صدر شی چن پنگ اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی ممالک کے سربراہان نے اپنی قومی زبان میں تقریر کی تھی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں