Print this page

سیاسی جماعتوں کے رویئے پر الیکشن کمیشن نے اپنافیصلہ سنا دیا

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کاانعقاداپنی نگرانی میں نہ کرانے پر غور شروع کردیاہے، الیکشن کمیشن باضابطہ طور پر انتخابی اصلاحات کمیٹی میں آئین کے آرٹیکل 140 اے اور 219 میں ترمیم کرانے کامطالبہ کرے گا۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں صرف عام انتخابات اور سینیٹ الیکشن تک محدود کرنا چاہتا ہے اور معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن 18 ویں ترمیم کے تحت بلدیاتی انتخاب کے انعقادسے متعلق دی جانے والی ذمے داریوں سے دست بردار ہوناچاہتاہے، حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر جانب داری کاالزام لگایاتھاجبکہ الیکشن کمیشن نے خود بھی محسوس کیاہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر انتخاب کے انعقاد کے لیے عملہ دستیاب نہیں ہوتااورصوبائی حکومتوں کی جانب سے فراہم کردہ عملہ بھی اس طرح سے ہدایات پر عمل نہیں کرتاجیسا ان کی ذمے داریوں میں شامل ہوتاہے۔الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیاہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں یہ مطالبہ کیاجائے گاکہ الیکشن کمیشن کی ذمے داریاں 1973کے آئین کے مطابق واپس کی جائیں اور 18ویں ترمیم میں بلدیاتی انتخابات میں جوذمے داریاں الیکشن کمیشن کو سونپی گئی ہیں وہ واپس صوبائی حکومتوں کوہی دی جائیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں