Print this page

امریکا اور چین کے لئےپاکستان بہترین مقام بن گیا

ایمزٹی وی(اسلام آباد)بین الاقوامی جریدے بلوم برگ نے معاشی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک قرار دیا ہے۔ بین الاقوامی جریدے بلوم برگ كی جانب سے جاری ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاكستان كی اسٹاک ماركیٹ نے 15 فیصد ترقی كی ہے جب کہ آئی ایم ایف كے ساتھ تعلقات میں بہتری، حكومت كی اصلاحات اور نجكاری پروگرام سمیت دیگر معاشی اقدامات كی وجہ سے پاكستان ابھرتی ہوئی ماركیٹ بن گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاكستان میں غیر ملكی سرمایہ كے لیے پركشش مواقع موجود ہیں جب کہ دنیا بھر كے سرمایہ كار امریكا اور چین سے باہر نئی ماركیٹ تلاش كررہے ہیں اور ان كے لیے پاكستان بہترین مقام بن چكا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اصلاحات كے نتیجے میں پاكستان میں اقتصادی استحكام آیا ہے اور جی ڈی پی گروتھ میں اضافے سمیت ترسیلات زرمیں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دوسری جانب برطانوی ادارے ’’بزنس مانیٹرنگ انٹرنیشنل‘‘ ریسرچ (بی ایم آئی ریسرچ) نے پاکستان کو مستقبل قریب کی 10 بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں شامل کرلیا۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق، بزنس مانیٹرنگ انٹرنیشنل (بی ایم آئی) کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جلد ہی مینوفیکچرنگ کے حوالے سے دنیا کے ایک بڑے اور اہم مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ بی ایم آئی نے اس رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں تعمیرات، ٹیکسٹائل اور آٹوموبائل سیکٹرز بھی تیزرفتار ترقی کریں گے جب کہ توانائی کی کم قیمتوں کے باعث مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری سب سے نمایاں طور پر بڑھے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں