جمعہ, 19 اپریل 2024


گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے درمیان رابطہ بحال

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) گلگت بلتستان حکومت کے وزراء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان زمینی رابطے بحال کئے جائینگے اور آزاد کشمیر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کیلئے مختص کوٹے میں اضافہ کیا جائے گا۔
اقتصادی راہداری منصو بہ کی تکمیل سے گلگت بلتستان سمیت پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔ اقتصادی راہداری منصوبے میں کسی کو بھی رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا ۔ گلگت بلتستان کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتے ہیں ۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے درمیان تاریخی نظریاتی اور جغرافیائی رشتوں کو بحال کرکے نئی جہت دینگے
وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے گلگت بلتستان کے وزیر لوکل گورنمنٹ فرمان علی رانا اور وزیر جنگلات عمران وکیل نے ملاقات کی جنہوں نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کو آزاد کشمیر کابینہ سمیت گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ وہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کرینگے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں ۔تاریخی نظریاتی اور جغرافیائی رشتوں کو مزید مستحکم کرینگے ۔ خواہش ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے درمیان زمینی رابطہ جلدبحال ہو۔ اس مقصد کیلئے حکومت آزاد کشمیر اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں میں گلگت بلتستان کے طلباء کے لئے کوٹے میں ضرورت کے مطابق اضافہ کیا جائیگا اور میڈیکل کالجز میں بھی کوٹہ مختص کرینگے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment