Print this page

بھارت نےجس دن حملےکی غلطی کی توپاکستان کابچہ بچہ آخری سانس تک لڑےگا

میرپور آزاد کشمیر: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے لیے بڑا اچھا وقت آنے والا ہے، اللہ تعالیٰ ہر مشکل کے بعد آسانی دیتا ہے
 
میرپور آزاد کشمیر میں یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ صبر کی صفت پسند ہے۔ 5اگست کے بعد 80 لاکھ کشمیری مشکل ترین امتحان سے گزر رہے ہیں، کشمیریوں کے لیے بڑا اچھا وقت آنے والا ہے، اللہ تعالیٰ ہر مشکل کے بعد آسانی دیتا ہے.
 
وزیراعظم نے کہا کہ مریکا اور برطانیہ میں کشمیر کا ایشو اٹھایا گیا، دنیا آج کشمیر کے لوگوں کے حالات جان گئی ہے، یورپی یونین کے 600 ممبران پارلیمنٹ نے کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا
مطالبہ کیا۔ 6 ماہ میں 3 مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کا ذکر ہوا۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پوری کوشش کررہا ہے کہ خطے میں امن ہو، مودی نے ساری انتخابی مہم میں انتہا پسند بیانات دیئے، جب بھی کوئی لیڈر نفرت کی بنیاد پر ووٹ لیتا ہے تو بڑی تباہی ہوتی ہے، نریندرا مودی پاکستان مخالف مہم چلا کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا، اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں انسانوں کی عقل پر پردہ ڈال دیتا ہوں، مودی نے 5 اگست کو تکبر میں قدم اٹھایا اور سنگین غلطی کی۔ مودی نے بالاکوٹ میں ہمارے درخت شہید کردیئے، مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے جب ہمارے درختوں کو شہید کیا جائے۔ ہم نے بھارتی طیارہ مار گرایا اور بھارت کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ پکڑ کرواپس کردیا تو مودی نے کہا پاکستان نے ڈر کر پائلٹ واپس کردیا ہے۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ جس دن کرفیو اٹھے گا مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کا سمندر نکلے گا اور ایک ہی آواز آئے گی اور وہ آواز آزادی کی ہوگی، جس کے بعد مودی کے پاس کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ مودی نے بیان دیا ہے کہ میں 11 دن میں پاکستان کو فتح کرلوں گا، لگتا ہے اس نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، اس کی ڈگری جعلی تھی۔ مودی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان پر حملہ کرکے بھارتی عوام کی توجہ ہٹا دے گا، بھارت نے جس دن حملے کی غلطی کی تو پاکستان کا بچہ بچہ آخری سانس تک لڑے گا، ہم مقابلہ کریں گے اور کرکے دکھائیں گے، پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف وہ جنگ جیتی ہے جو دنیا کی بڑی بڑی فوجیں نہیں جیت سکیں۔
 
 

پرنٹ یا ایمیل کریں