جمعرات, 28 مارچ 2024


پرویز خٹک کا بہترین طرز حکومت کا دعویٰ

 

ایمزٹی وی(پشاور) اسلام آباد میں’’ ڈی ایف آئی ڈی‘‘ کے کنٹری ہیڈ جونا ریڈ کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کرکے صوبے میں بہترین طرز حکومت کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے ،مستقبل میں آنے والی کوئی بھی حکومت صوبے کو بہترین طرز حکمرانی ، انصاف کی فراہمی ، عوام کو با اختیار بنانے اور ترقی کے ٹریک سے اُتار نہیں پائے گی کیونکہ وہ اب ماضی کے استحصالی قوانین اوربد عنوان سسٹم کی پناہ حاصل نہیں کر سکے گی ، ہم نے ایک شفاف اور قابل عمل نظام کی بنیاد رکھ دی ہے جسے متعددقوانین پاس کرکے قانونی تحفظ دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے واضح کیا کہ اگر چہ وہ پولیس کو پہلے دن سے ہی آپریشنل آزادی اور انتظامی خود مختاری دے چکے تھے تاہم اب اس آزادی اور خود مختاری کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے باضابط قانونی شکل دے دی گئی ہے۔
جبکہ پولیس کو سیاسی مداخلت سے بھی مکمل طور پر پاک کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب عوام صوبائی حکومت کے اطلاعات تک رسائی کے قانون کے فوائد و ثمرات محسوس کرنے لگے ہیں، اس قانون کے تحت کوئی بھی شہری صوبائی حکومت کے کسی بھی پہلو سے متعلق بلا خوف و جھجک
معلوما ت حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے، انسداد بد عنوانی اور کانفلکٹ آف انٹر سٹ کے قوانین کے بھی نتائج سامنے آرہے ہیں۔ پرویز خٹک نے ڈی ایف آئی ڈی کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ اجتماعی کاوشیں صوبائی محکموں خصوصاً تعلیم ، صحت اور غذائی سہولیات میں بہت اچھے نتائج دے رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید واضح کیا کہ ترقیاتی بجٹ کا 30 فیصد مقامی حکومتوں کو منتقل کردیا گیا ہے ، مقامی حکومتوں کی آزادی اور خود مختار ی کیلئے ایک علیحدہ قانون بھی پاس کیا گیا ہے ۔ انہوں نے برطانوی اور یورپین سرمایہ کاروں کو صوبے کے مختلف شعبوں خصوصاً پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔
 
انہوں نے کہاکہ سی پیک کے مغربی روٹ کی وجہ سے یہ صوبہ وسطی ایشیاء، افغانستان اور گوادر پورٹ کے ذریعے پورے خطے کو باہم مربوط کردے گااور مستقبل میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن کے اُبھرے گا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment