جمعہ, 19 اپریل 2024


الیکشن کمیشن نےتمام پولنگ اسٹیشنزکےاندرفوج تعینات کرنےکافیصلہ واپس لےلیا

پشاور: قبائلی اضلاع میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔اب فوج صرف حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کے اندر ہی تعینات ہوگی۔ قبائلی اضلاع میں نافذ دفعہ 144 بھی ختم کر دی گئی۔
 
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ تبدیل کر لیا ہے، اب فوج صرف حساس ترین پولنگ سٹیشنز کے اندر ہی تعینات ہوگی۔
 
یہ فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا کے ڈی آر اوز اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔
 
الیکشن کمیشن کے مطابق اب تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر تو فوج بدستور تعینات رہے گی لیکن اندر تعیناتی صرف انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز تک محدود کر دی گئی ہے۔
 
الیکشن کمیشن کے حکم پر قبائلی اضلاع میں نافذ دفعہ 144 بھی ختم کر دی گئی ہے تاکہ امیدواروں کو الیکشن مہم میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
 
الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 20 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment