Print this page

خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کاکابل میں آف شورکیمپس کھولنےکافیصلہ

پشاور: افغان حکومت نےخیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاورکوفغان دارالحکومت کابل میں آف شور کیمپس کھولنے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاورنے افغان حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعدافغان دارالحکومت کابل میں آف شور کیمپس کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔یہ دعوت کے ایم یوپشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق کی قیادت میں کے ایم یو کے نمائندہ وفد جوکہ پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر لعل محمد خٹک،ممتاز سرجن ڈاکٹر مشتاق،ڈاکٹر وقار اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پروٹوکول عالمگیر آفریدی پر مشتمل تھا ،کے حالیہ دورہ کابل کے موقع پر افغانستان کے اعلی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے دوران دی گئی ہے۔

کے ایم یویہ کیمپس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی آف شور کیمپس کے قیام کی پالیسی اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں ایچ ای سی اور وزارت خارجہ کی منظوری سے قائم کرے گا جس کے لیئے عمارت افغان حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی جبکہ تدریسی اور انتظامی لوازمات کے ایم یو فراہم کرے گی۔ابتدائی معلومات کے مطابق کے ایم یو نے افغان حکومت کومجوزہ کیمپس کے قیام کے لئے تین درجاتی منصوبہ پیش کیا ہے جس پر بتدریج عملدرآمد کیاجائے گا۔

واضح رہے کہ کے ایم یو کے وفد نے گزشتہ دنوں کابل کے انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل میں سنٹر فار سٹریٹیجک اینڈ ریجنل سٹڈیزکابل اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز پشاور کے اشتراک سے افغانستان کے امن میں پڑوسی ممالک کے کردار کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کے علاوہ امارت اسلامی افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد،ڈپٹی وزیر ہائر ایجوکیشن حافظ محمد حسیب،کابل میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فضل الرحمان رحمانی اور کابل میں پاکستان کے سفیر مسعوداحمد خان کے ساتھ ملاقاتیں کرکے افغانستان میں میڈیکل ایجوکیشن اور اس سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیاتھا ،جس کے دوران اعلی افغان حکام نے کابل میں کے ایم یوکے ایک کیمپس کے قیام کی تجویزمیں خصوصی دلچسپی کااظہار کیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں