جمعہ, 19 اپریل 2024


دہشت گردوں نے پنجاب جانے والی گیس پائپ لائن اڑادی، ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی معطل

ایمزٹی وی (سیاسی) سوئی کے علاقے میں دہشت گردوں نے 20 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑادی جس سے سندھ اور پنجاب کے متعدد علاقے متاثر ہوئے جبکہ زمزمہ گیس فیلڈ اچانک بند ہونے سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی رک گئی، سوئی ناردرن کی جانب سے پنجاب کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی معطل ہوگئی۔ لیویز کیمطابق اتوار کو سوئی کے علاقے گوپٹ میں نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے گیس پائپ لائن کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 20انچ قطر کی گیس پائپ لائن تباہ ہوگئی جس سے سندھ کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی۔ لیویز نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔ ادھر اتوار کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ذرائع نے بتایا کہ اچانک خرابی کی وجہ سے زمزمہ گیس فیلڈ بند کردی گئی ہے جسکی وجہ سے سسٹم میں 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی رک گئی ہے جبکہ گیس کے بحران سے بچنے کے لئے زمزمہ فیلڈ سے گیس کی سپلائی بحال ہونے تک صوبہ پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جب تک زمزمہ گیس فیلڈ میں اچانک خرابی کی وجہ معلوم نہیں ہوتی اور خرابی دور نہیں کر دی جاتی اس وقت تک پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی معطل رہے گی جبکہ زمزمہ فیلڈ سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملتے یہ ٹیکسٹائل ملوں کےلئے بھی گیس کی سپلائی بحال کر دی جائے گی ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment