جمعہ, 19 اپریل 2024


وزیر اعلیٰ پنجاب کی انگلش میری اردو سے بہت اعلیٰ ہے‘، میئرلندن

 

ایمزٹی وی(لاہور)لاہور کے الحمرا ہال میں لندن کے میئر صادق خان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں لاہور پر ملنے والی عزت پر سب کا بے حد مشکور ہوں۔ پاکستان میں قابل ستائش ترقی ہوئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا مستقبل بہت بہتر ہے۔ پاکستان لندن سمیت دنیا بھر کی معیشت میں بہتر جگہ پاسکتا ہے۔ صادق خان نے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ رواں سال لندن میں دہشت گردی کے 4 واقعات پیش آئے۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا پڑے گا۔ انہوں نے اپنے والد کے پاکستانی ہونے پر کہا کہ میرے والد پاکستانی ہیں اور مجھےاس پر فخر ہے۔ صادق خان بدھ کی صبح 16 رکنی وفد کے ہمراہ بھارت کے شہر امرتسر سے براستہ واہگہ بارڈر ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔ واہگہ بارڈر پر ان کا استقبال لاہور کے میئر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر اہم شخصیات نے کیا۔ صادق خان اور ان کے وفد کو سخت سیکیورٹی میں مال روڈ پر واقع نجی ہوٹل لایاگیا۔ جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے ٹوئٹر پر صادق خان کی لاہور آمد پر ٹوئٹ کیا ’ ہم برطانیہ کے تاریخی شہر لندن کے میئر کو پاکستان کے تاریخی شہر لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں‘۔ لندن کے میئر صادق خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی شائستہ انگریزی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’میں کہنا چاہتا ہوں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی انگلش میری اردو سے بہت اعلیٰ ہے‘۔ واضح رہے کہ صادق خان پاک بھارت کے دورے پر ہیں جس کے پہلے مرحلے میں انہوں نے بھارت کے تین شہروں ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں صادق خان امرتسر سے لاہور آئے ہیں اور اس کے بعد وہ کراچی اور اسلام آباد کا دورہ بھی کریں گے۔ کراچی میں میئر صادق خان مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment