Print this page

ہائی کورٹ کے گھرپرحملہ،چیف جسٹس جاعہ وقوع پر پہنچ گئے

 

ایمزٹی وی(لاہور)سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے اور چیف جسٹس ثاقب نثار صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے۔ نامعلوم افراد کی جانب سے دو بار فائرنگ کی گئی ہے۔ فائرنگ کے واقعات گزشتہ شب 10:45 اور آج صبح 9:45 منٹ پر پیش آئے۔ پولیس کی جانب سے تاحال حملے میں ملوث کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں اور صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کو بھی جسٹس اعجازالاحسن کے گھر طلب کر لیا ہے۔
ادھر اسلام آباد میں بھی ججز کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ ججز انکلیو کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو مزید الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایس ایس پی سیکورٹی جمیل ہاشمی سیکورٹی کی خود نگرانی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے جسٹس اعجاز الاحسن کو پاناما کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نگراں جج تعینات کیا تھا۔ وہ پاناما فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نگراں جج کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں دائر ریفرنسز میں پیش رفت کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن 28 جولائی کو وزیراعظم نواز شریف کو نااہل کرنے کا فیصلہ سنانے والے 5 رکنی لارجر بینچ کا بھی حصہ تھے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں