جمعہ, 19 اپریل 2024


حکومت اور پاک آرمی دشمنوں سے نمٹنے کے لیے ایک پیج پر ہیں،صمصام بخاری

 
 
 
 
لاہور : دینی مدرسوں کو قومی دھارے میں لانے سے ملک کا قیمتی ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچ جائے گا، مدرسوں کے طالب علم ہر قسم کے فرقہ ورانہ تعصبات سے پاک نصاب تعلیم پڑھ کر دوسرے پاکستانی طالب علموں کی طرح روزگار کے مواقع سے مستفید ہوں گے۔
 
پاک فوج کے ترجمان کی طرف سے پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو واضح اور دو ٹوک انداز میں پیغام دے دیا گیا ہے، موجودہ سیاسی حکومت اور پاک آرمی ملک دشمنوں سے نمٹنے کے معاملے میں ایک پیج پر ہیں۔
 
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پاکستان سے زیادہ کسی ملک نے قربانی نہیں دی۔ 81ہزار پاکستانیوں کا اس جنگ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنا کوئی معمولی بات نہیں۔
 
پاکستان نے یہ جنگ اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کو اس خوفناک دشمن سے بچانے کے لئے بھی لڑی جس کا عالمی برادری کو کھلے دل سے اعتراف کرنا چاہیے۔ صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت جلد اقتصادی محاذ پر بھی بحران پر قابو پا لے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوررس اثرات مرتب ہونگے۔پاک چین آزاد تجارت کے نئے باب کا اضافہ ہونے جا رہا ہے ۔ پہلی مرتبہ کسی پاکستانی سربراہ مملکت نے قومی مفادات کو ترجیح دی ہے۔نئے معاہدوں سے بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی ممکن ہو گی۔
 
صوبائی و زیر نے کہا کہ پاکستان کی خطے میں اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔عمران خان کو بیرون ملک ملنے والی پذیرائی ملک کا بڑا اثاثہ ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی رہنما پیالی میں طوفان برپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 
اپوزیشن احتجاجی روش ترک کر کے مثبت سیاست کی طرف آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی کی بیماری پر سیاست کرنے کے حق میں نہیں مگر نواز شریف اپنی سہولت کیلئے سب کچھ داؤ پر لگانا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت آئین اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائے گی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment