بدھ, 24 اپریل 2024


سیف الرحمان کا نیب بھی دیکھا اور آج کا نیب بھی دیکھ رہے ہیں,میاں منظور وٹو

 
 
 
 
لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ آج اور ماضی کے نیب میں زمین آسمان کا فرق ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اس دور میں میرے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس نہیں بنایا گیا۔
 
منظور وٹو نے نیب آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور میں میرے خلاف نوکریاں دینے کا کیس بنایا گیا ہے، آج اور گزشتہ کے نیب میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
 
میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ انھوں نے سیف الرحمان کا نیب بھی دیکھا اور آج کا نیب بھی دیکھ رہے ہیں، ماضی کا نیب بہت ظالم تھا، آج کا نیب بہت بہتر ہے، نیب والے عزت دیتے ہیں۔
 
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج حکمران کہہ رہے ہیں کہ ایک کڑوڑ نوکریاں دیں گے، جب کہ میں نے لوگوں کو نوکریاں دیں، جس پر میرے خلاف کیس بنایا گیا ہے۔
 
 
 
انھوں نے کہا چیئرمین نیب کی جانب سے خواتین کو طلب نہ کرنے اور کاروباری طبقے سے تعاون کی بات قابل ستائش ہے، سیف الرحمان کا نیب برائی کا، آج کا نیب اچھائی کا نیب ہے۔
 
منظور وٹو نے کہا نیب کو بتایا ہے کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، ہر سال یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع دی جاتی ہے، اگر بے ضابطگی ہے تو بے شک توسیع نہ دی جائے۔
 
انھوں نے اپوزیشن کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کی جو صورت حال ہے، ہم کسی بڑے احتجاج کے متحمل نہیں ہو سکتے، سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر قومی اور معاشی معاملات حل کرنے کی ضرورت ہے، انتقامی کارروائی کی بجائے تمام لوگوں کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment