جمعہ, 19 اپریل 2024


قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرنے دیں گے, لاہور پولیس

 
 
لاہور : سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر پوری طرح نظر ہے، ان تنظیموں کو قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرنے دیں گے۔
 
یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس افسروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، سی ٹی او ملک لیاقت، ایس ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
 
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں قیام امن کیلئے ہوائی فائرنگ اور لاﺅڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہرصورت میں یقینی بنائی جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
 
سربراہ لاہور پولیس نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ کرپشن اورغلط اقدامات کو روکنا پولیس کی اجتماعی ضرورت ہے۔ شہریوں سے غلط سلوک تمام کارکردگی پر پانی پھیر دیتا ہے، شہریوں سے حسن سلوک نہ کرنے والے اہلکاروں کی وجہ سے پورے محکمے کا غلط تاثر جاتا ہے۔
 
انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ پولیس کے کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ایس پی اور ڈی ایس پی صاحبان ہر ہفتے سٹاف کو ضابطہ اخلاق پڑھ کر سنائیں۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرانی دشمنیوں کے خاتمے کے لئے لاہور پولیس ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ عمائدین علاقہ کی مدد سے دشمنی والوں کو سمجھایا جائے کہ نسل در نسل قتل و غارت سے کسی کا بھلا نہیں ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment