Print this page

زیادہ پردےکھولنے پرمولانامجھ سےخفاہوجائیں گے

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جن کے اشاروں پر کھیلنے جارہے ہیں ان کی سیاست تباہ ہو جائے گی، سارے چوہدری مر جائیں تب بھی مولانا کو اقتدار نہیں ملے گا۔
 
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ وقت بہت نازک ہے، ملک میں سیاست زور و شور پر ہے، کشمیر کا محاذ گرم ہے لیکن ملک میں دھرنا دھرنا ہورہا ہے۔ جے یو آئی نے ابھی تک دھرنے کی کوئی بات نہیں کی، اس کا مطلب دھرنا ابھی گرے لسٹ میں ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو فیس سیونگ دی جاسکتی ہے۔ ممکن ہے دھرنا نہ ہو،زیادہ پردے کھولنے پر مولانا مجھ سے خفا ہوجائیں گے۔
 
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا ڈنڈا برداروں کو دکھا رہےہیں جیسے دہشت گرد تیار ہو رہے ہیں، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے سے مسائل حل ہونے کا سوچنے والے عقل کے اندھے ہیں مذاکرات کے دروازے بند کرنا جمہوریت کےخلاف ہے، مولانا فضل الرحمان جن کے اشاروں پر کھیلنے جارہے ہیں ان کی سیاست تباہ ہو جائے گی، سارے چوہدری مر جائیں تب بھی مولانا کو اقتدار نہیں ملے گا۔
 
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں، قومی سلامتی کے اداروں نے پاکستان سے وفاداری کا حلف اٹھایا ہواہے، نیشنل ایکشن پلان ان ایکشن ہے، اس بار جمہوریت کو شب خون لگا تو فیصلے جلد ہوں گے اور 400 سے 600 لوگ اندر ہوں گے۔
 
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دینی مدرسے ہماری آنکھ کے ستارے اور جھومر ہیں، مدرسے دین کے مینار ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، مولانا فضل الرحمان گولڈن ٹیمپل تو گئے لیکن کبھی قائد اعظم کے مزار پر حاضری نہیں دی۔ سیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی، آج کے دوست کل کے دشمن اور کل کے دشمن آج کے دوست ہیں، یہی پاکستان کی سیاست کا حسن ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں