جمعہ, 19 اپریل 2024


کراچی شدید دھند کی لپیٹ میں 

ایمز ٹی وی ( سندھ) سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رات گئے اچانک شدید دھند نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ائر پورٹ پر فلائٹ آپریشن اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔دھند کے باعٹ کراچی الیکٹرک (کے ای) کا بجلی کی فراہمی کا نظام بھی متاثر ہوا۔جمعرات اور جمعہ کی کی درمیانی شب سے ہی شدید دھند نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔شارع فیصل پر بلوچ کالونی پل سے ائرپورٹ، ملیر اور گلشن حدید تک شدید دھند چھائی رہی ۔دھند کے باعث نیشنل ہائی وئے ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی جبکہ جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سول ایوی ایشن کے ذرائع نے کراچی ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رات سے متاثر ہونے کی تصدیق کی سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار بھی کافی دھیمی رہی جس سے بعض مقامات پر تیفک جام کی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔واضح رہے کہ کراچی میں عمومی طور پر دھند نہیں ہوتی اسی لیے بھی شہریوں کو کافی دشواری کا سامنا کر نا پڑا جبکہ کے ای کا نظام خراب ہونے سے اکثر علاقوں میں بجلی معطل ہونے سے اسٹریٹ لائٹس بھی بند تھیں۔شاہ لطیف ٹاون، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل کالونی ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، بلوچ کالونی اور دیگر علاقوں میں دھند سے حد نگاہ صفر ہو گئی تھی۔دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان نے بتایا کہ دھند کے باعث آنے اور جانے والی 9 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ رات 2:30 بجے سے ائر پورٹ پروازوں کے لیے بند رہا۔پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 732 کی مسقط میں لینڈنگ ہوئی اسی طرح اسکائی دبئی کی پرواز 331 بھی واپس دبئی روانہ کر دی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ امارات ائر لائنز کی پرواز ای کے 604 بھی واپس دبئی روانہ کر دی گئی اسی طرح ابوظہبی سے آنے والی اتحاد ائر لائن کی پرواز بھی واپس بھیج دی گئی۔سی اے اے کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ترک ائر لائن کی پرواز 708 واپس استنبول بھیج دی گئی جبکہ کراچی سے دبئی، جدہ اور دوحہ جانے والی پروازیں بھی روانہ نہیں ہوسکیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment