جمعہ, 19 اپریل 2024


کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

ایمز ٹی وی (موسم) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں کی بجلی بھی منقطع  ہوگئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نئی کراچی، کلفٹن اور صدر سمیت اولڈ سٹی ایریا میں بارش کے بعد شہر میں  ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ سڑکوں پر پھسلن کے بعد کئی موٹرسائیکل سوار گر کر زخمی بھی ہوگئے۔

وزیر بلدیات شرجیل میمن نے بارش کے فوری بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر شرجیل میمن نے کے ایم سی کے افسران کو پانی کی نکاسی فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب بارش کے فوری بعد کے الیکٹرک کے 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ بارش کے نتیجے میں لیاری کے علاقے نیا آباد میں مکان کی چھت گرگئی تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment