Print this page

الطاف حسین کی سول سوسائٹی سے گرفتار کارکنوں پر تشدد کیخلاف احتجاج کی اپیل

ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور وکلا برادری  سے اپیل کہ ہے کہ وہ ایم کیوایم کے گرفتار کارکنان پرانسانیت سوز تشدد کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر آئینی وقانونی ماہرین اور ایم کیوایم لیگل ایڈ کمیٹی کے وکلا کے اجلاس سے ٹیلی فونک  خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایم کیوایم نے شہر قائد میں امن وامان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کی حمایت کی لیکن مجرموں کی گرفتاری کی آڑ میں کراچی میں رینجرز کے آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حراست کے دوران گرفتار شدگان کو بدترین تشدد کانشانہ بنایاجارہا ہے، ان پر تھرڈ ڈگری استعمال کی جارہی ہے ، ان کے جسم کے نازک اعضاء پر تشدد کیاجارہا ہے جس کے باعث گرفتارشدگان کے گردے اورجسم کے دیگر اعضاء شدید متاثر ہورہے ہیں جس کا وکلاء برادری اور عاصمہ جہانگیر سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کوفوری نوٹس لینا چاہیے۔

الطاف حسین نے تمام وکلاء سے کہاکہ وہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کے وفد کے ہمراہ گرفتار شدگان سے ملاقات کریں اور خود مشاہدہ کریں کہ گرفتار شدگان کو کس طرح وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔انہوں نے رابطہ کمیٹی ، حق پرست ارکان سینیٹ ، قومی وصوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے ایوان کی انسانی حقوق کی کمیٹیوں کے ہمراہ گرفتارشدگان سے ملاقات کرکے ان پر ہونے والے بدترین تشدد کا جائزہ لیں اور اس کے خلاف ہرسطح پر آواز بلند کریں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں