جمعہ, 19 اپریل 2024


کسی طبقے کو دیوار سے لگانے کا عمل ٹھیک نہیں ہوتا

 

ایمزٹی وی(کراچی)سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کسی طبقے کو دیوار سے لگانے کا عمل ٹھیک نہیں ہوتا اور ہم عدم تصادم کے راستے پر چل رہے ہیں جب کہ 5 نومبر کو عوام کا سمندر دکھائیں گے۔
جامعہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کا کہنا تھا آبادی کو کم گن کر بنیادی حق مارا جا رہا ہے ، اداروں کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق بھی کراچی کی آبادی کم از کم ڈھائی کروڑ ہے لیکن الیکشن کمیشن نے کراچی کے ایک کروڑ 40 لاکھ کی فیملی پلاننگ کردی۔ کراچی سے 70 فیصد ٹیکس اسلام آباد جاتا ہے اور وہاں سے 5 فیصد واپس ملتا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے دور میں صرف پاکستان بنانے کا چیلنج تھا تاہم اس وقت پاکستان کو بچانے کے ساتھ بنانے کا چیلنج ہے، آج بنگلہ دیش کا ٹکا امریکی ڈالر کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کر رہا ہے اور ہمارا روپیہ خاموش ہے۔ اس ملک میں دو خاندانوں کا راج ہے اور 500 خاندانوں کی میراث بنا ہوا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ کسی طبقے کو دیوار سے لگانے کا عمل ٹھیک نہیں ہوتا، ہم عدم تصادم کے راستے پر چل رہے ہیں، ہم نے ضد نہیں کی کہ مزار قائد پر ہی جلسہ کرنا ہے تاہم 5 نومبر کو عوام کا سمندر دکھائیں گے، جامعہ کراچی کے طلبا کو دعوت دیتا ہوں کہ جلسہ میں شرکت کریں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment