جمعرات, 25 اپریل 2024


کراچی پولیس کا ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن 34 افرادگرفتار

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پولیس نے شہر میں ریسنگ اور ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 34 افراد کو گرفتار کرکے ان کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لیں۔
گزشتہ اتوار ریسنگ کے تنازع کے دوران کراچی میں سی ویو کے مقام پر فائرنگ سے نوجوان کے قتل کے بعد پولیس کو ہوش آگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم پر ون ویلنگ اور ریس لگانے والے موٹر سائیکل اور کار سواروں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 34 افراد کو حراست میں لے کر ان کی 14 موٹر سائیکليں اور6 گاڑیاں قبضے میں لے لی ہیں۔ پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے 2 کار سواروں کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جس سے ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی۔ پولیس کی جانب سے سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اور شیشوں پر چڑھی سیاہ پنیاں کھرچ کر اتاری جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سی ویو پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، 5 ملزم گرفتار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کی ڈبل کیبن کو بھی سیاہ شیشوں کے باعث روکا گیا ہے، تاہم شور شرابا کرنے پر انہیں چھوڑ دیا گیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پولیس سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائيوں کے بجائے شہر سے قتل و غارت گری کا خاتمہ کرے، تاہم میں بھی موٹرسائيکل کی ون ویلنگ اور ریس لگانے والوں کے خلاف ہوں۔ پولیس نے فیصل واوڈا کی گاڑی کے سیاہ شیشوں سے پنی اتارے بغیر جانے کی اجازت دیدی۔
وزیرِ داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی سی ویو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ ریس لگانے والوں، سیاہ شیشے والی گاڑیوں اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 نافذ ہے، ان کے خلاف کارروائیاں پہلے سے جاری ہیں تاہم اب سختی کی جارہی ہے، ہماری کارروائیوں سے ایک بھی جان بچ گئی تو ہم سمجھیں گے کہ ہم کامیاب ہوگئے

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment