ھفتہ, 20 اپریل 2024


پی ایس پی کی شہر قائد میں سیاسی سرگرمیاں

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاک سرزمین پارٹی آج کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے جس کے لئے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں۔
پی ایس پی کی جانب سے لیاقت آباد فلائی اوور پر جلسے کے لئے کرسیاں لگادی گئی ہیں جب کہ فلائی اوور اور لیاقت آباد کی مختلف سڑکوں پر پی ایس پی کے بینرز اور پینافلیکس لگائے گئے ہیں۔
لیاقت آباد فلائی اوور کے ایک حصے کو جلسے کے شرکا کے لئے مختص کیا گیا ہے جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلسے سے پی ایس پی کے چیرمین مصطفیٰ کمال سمیت دیگر پارٹی قائدین خطاب کریں گے۔
پی ایس پی کے سیکر یٹری جنرل رضا ہارون کا کہنا ہے کہ آج کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ اور عوامی سیلاب ثابت ہوگا جو اپنے ساتھ تمام ظالموں کو بہا کر لے جائے گا۔
رضا ہارون نے جلسہ گاہ کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے لوگوں کو جلسے کی دعوت بھی دی۔
گزشتہ روز پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے بھی جلسہ گاہ کا دورہ کیا تھا، جن کا کہنا تھا کہ کراچی سے نکلنے والی روشنی پورے ملک میں پھیلے گی، کراچی اور پاکستان کے حالات بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں، جلسے میں تمام لوگ، مائیں بہنیں بزرگ بچے بھرپور شرکت کریں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment