ھفتہ, 20 اپریل 2024


بلوچستان اسمبلی کی حالیہ تبدیلی میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں

 

ایمزٹی وی(کراچی)چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی حالیہ تبدیلی میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں لیکن آئندہ انتخابات میں پوری کی پوری بلوچستان اسمبلی پیپلزپارٹی کی ہوگی۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پولیس کے نظام سے کوئی مطمئن نہیں ہے، پولیس کاقانون بہت پرانا ہےاس میں اصلاحات کی ضرورت ہے، تمام جماعتیں بیٹھ کرپولیس قوانین میں اصلاحات کریں۔ قصور واقعہ ایک دلخراش سانحہ ہے جو ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا پر بھی زیرِ بحث رہا، پہلے ہم ایسے معاملات پربولنے سے ڈرتے تھے،اب نہ بول کر ڈرتے ہیں۔ قصور جیسے واقعات پاکستان میں جگہ جگہ ہورہے ہیں جن کی مستقل بنیادوں پر روک تھام ضروری ہے، سب پاکستانی سوچتے ہیں کہ بچوں کو کیسے محفوظ رکھیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان کے چاروں صوبے بچوں سے متعلق معلومات نصاب میں شامل کریں اور اسکولوں میں بچوں کو ایسی تربیت دی جائے کہ جس سے وہ اپنی حفاظت کرسکیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی کی حالیہ تبدیلی میں پیپلز پارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں، صوبے میں ہماری ایک بھی سیٹ نہیں تو پھر موجودہ حالات میں ہمارا عمل دخل کیسے ہوسکتا ہے لیکن اتنا ضرور کہتا ہوں کہ آئندہ انتخابات کے بعد پوری کی پوری بلوچستان اسمبلی پیپلزپارٹی کی ہوگی، صوبے کے سابق وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ذمہ دار نواز شریف ہیں جنہوں نے بلوچستان کو نظر انداز کیا اور بلوچ عوام وفاقی جماعت کے لیے ترس گئے۔
پیپلز پارٹی کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں اپنے اثاثے ظاہر کروں، میں نے ابھی الیکشن لڑا ہی نہیں، عام انتخابات سے قبل اپنے اثاثے ظاہرکروں گا، عمران خان نےجب پہلے الیکشن لڑا تو اثاثے چھپائے، 2013 کے انتخابات میں بھی کچھ اور بتایا اور جب عدالتِ عظمیٰ کے سامنے پیش ہوئے تو ان کا بیان یکسر تبدیل تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment