ھفتہ, 20 اپریل 2024


ایم کیو ایم پاکستان اور رابطہ کمیٹی کےاختلافات شدت اختیار کرگئے

 

ایمزٹی وی(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان مذاکرات نہ صرف ناکام ہوگئے بلکہ پارٹی دھڑوں کے درمیان اختلافات پہلے سے شدت اختیار کرگئے ہیں۔
اگرچہ گزشتہ روز مذاکرات کے بعد یہ کہا جارہا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور فاروق ستار نے بھی کہا تھا کہ یہ ہمارے گھر کا معاملہ ہے اور آپس میں ہی حل ہوگا، رابطہ کمیٹی موجود ہے اور اس کے ارکان بھی برقرار ہیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کی اندر کی کہانی سامنے آگئی ہے اور کامران ٹیسوری پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کچھ معاملات پر بات چیت آج دوبارہ ہوگی تاہم ایم کیو ایم بہادر آباد نے آج مذاکرات کی اگلی نشست میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عامر خان گروپ نے فاروق ستار کے سامنے تین شرائط رکھی تھیں لیکن فاروق ستار نے تینوں شرائط کو مسترد کردیا۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ مسلسل کامران ٹیسوری کی حمایت پر بضد ہیں۔
مذاکرات میں فاروق ستار کو منانے ایم کیوایم کے سینئر رہنما بھی موجود تھے لیکن فاروق ستار نے سینیئر رہنماؤں پر کامران ٹیسوری کو ترجیح دی۔ عامر خان گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی معاملات فاروق ستار اور کامران ٹیسوری چلالیں ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں ۔
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کامران ٹیسوری کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا جبکہ پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائیگا۔
واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان 2 دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے جب کہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کرنے کے بعد معاملہ مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment