جمعہ, 19 اپریل 2024


ایم کیو ایم کے پی ٹی آئی حکومت میں شمولیت کیلئے بڑے مطالبات

 

ایمز ٹی وی(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) نے تحریک انصاف کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے، ایم کیو ایم نے کراچی کے بارہ حلقے کھولنے کا مطالبہ بھی کردیا۔
صوبے اور وفاق میں حمایت حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف نے ایم کیو ایم پاکستان سے مذاکرات کیے، جس کے بعد متحدہ پاکستان نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر جہانگیرترین کے سامنے شرائط اور مطالبات رکھ دیے۔
ایم کیو ایم نے کارکنوں کی بازیابی، ٹارگٹڈآپریشن بند کرنے پر زور، کراچی کے بارہ حلقے کھولنے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام اور کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے مطالبے پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے کچھ معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی حکومت سازی کے لیے نمبر گیم پورے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاق میں حکومت سازی کے سلسلے میں جہانگیر ترین کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے وفد نے ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد جا کر رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مثبت مذاکرات ہوئے ہیں بنیادی چیزوں پر ہمارے اور ایم کیوایم کے خیالات ملتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنا کر گھر چلا جاؤں گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment