Print this page

تمام ارکانِ اسمبلی عوام کے درمیان رہیں، بلاول بھٹو

 

.
ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ارکان کو یاد دہانی کرائی ہے کہ سندھ حکومت پارٹی منشور پر مکمل عمل کرنے کی پابند ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ارکانِ سندھ اسمبلی نے ملاقات کی، جن میں امتیاز احمد شیخ، نعیم کھرل، جام اکرام اللہ دھاریجو اور شجیلا لغاری شامل تھے۔
ملاقات میں ارکانِ سندھ اسمبلی نے بلاول بھٹو کو حلقوں کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق آگاہی دی، مختلف مسائل کے حل پر بھی غور کیا گیا۔
چیئرمین پی پی نے ارکانِ اسمبلی کو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی اور ماحولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ’عوام نے آپ کو جس مقصد کے لیے منتخب کیا ہے وہ پورا کریں، پیپلز پارٹی سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔‘
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ارکانِ اسمبلی عوام کے درمیان رہیں، سندھ حکومت پارٹی منشور پر مکمل عمل کرنے کی پابند ہے۔
دو دن قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ سندھ میں بہت مسائل ہیں، تاہم وہ عوامی حقوق کی ترجمانی کریں گے، اور روزگار سمیت تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک خاندان کا نام ہے، اس میں شہیدوں کا خون شامل ہے، ہمیں بھٹو ازم کے نظریے اور فکر کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں