بدھ, 24 اپریل 2024


گورنر ہاؤس 7 ستمبر سے عوام کیلیے کھول دیا جائے گا، گورنر سندھ

 

ایمز ٹی وی (کراچی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ 7 ستمبر سے گورنرہائوس کے لان کو عوام کیلیے کھول دیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے چاروں گورنر ہائوسز کے مستقبل کے بارے میں سفارشات مرتب کرنے کیلیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے کام شروع کردیا ہے، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ہی گورنرہائوسز کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ گورنرہائوس کے صرف دو کمرے استعمال میں لائے جارہے ہیں جس میں ایک آفس اوردوسرا لائبریری کا کمرہ ہے ، میرے استعمال میں گورنرہائو س کی صرف ایک گاڑی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وزیراعظم سے 15 ستمبر یا 16 ستمبرکو کراچی کے دورے کی درخواست کی ہے۔
اس سے قبل گورنر سندھ نے سی پی ایل سی کے دورے کے دوران کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں مثالی امن و امان کے قیام کیلیے اداروں باالخصوص جرائم کے خلاف کام کرنے والی این جی اوزکے ساتھ مل کر موثر اور مربوط اقدامات اٹھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،سی پی ایل سی جرائم پیشہ عناصرکے ڈیٹا جمع کرنے کا اہم کام کرنے والا سرفہرست ادارہ ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے دورہ کے دوران کیا۔
گورنرسندھ نے سی پی ایل سی کے سنٹرل رپورٹنگ سیل کا دورہ کیااور سی پی ایل سی کے کردار،افرادی قوت، شہر میں جرائم کے ڈیٹا جمع کرنے میں سی پی ایل سی کی افادیت اور فعالیت کا بغور مشاہدہ کیا، چیف سی پی ایل سی سندھ زبیر حبیب نے سی پی ایل سی کے مرکزی رپورٹنگ سیل میں آنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کیا، علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واٹراینڈ سیوریج بورڈخالد محمود شیخ نے گورنر کو فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں ، حائل مشکلات ، شہر میں پانی کی ضروریات کے مدنظر جاری ترقیاتی منصوبے اور ادارہ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنر نے کہا کہ شہر کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں کے فور منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
دریں اثنا گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے گورنرہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں پاک بحریہ کی استعداد ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تیاریوں، ملکی سمندری حدود کی حفاظت میں نیوی کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنرسندھ نے ملکی سمندری حدود کی حفاظت میں نیوی کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیوی پاکستان کا قابل فخر ادارہ ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment